کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کا یومِ شہادت، مسلح افواج کا خراجِ عقیدت پیش

کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کا یومِ شہادت، مسلح افواج کا خراجِ عقیدت پیش

چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنشانِ امتیاز(ملٹری)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد، چیف آف ایئر اسٹاف، چیف آف نیول اسٹاف اور پاکستان کی مسلح افواج نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشانِ حیدر کو ان کے 26ویں یومِ شہادت کے موقع پرخراج عقیدت پیش کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آپریشن ’’بنیان مرصوص‘‘ بھارت کو منہ توڑ جواب، افواج پاکستان نے جو کہا وہ کر کے دکھایا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر

پاک فوج کے محکمہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کیپٹن کرنل شیر خان شہید کو جرأت، حب الوطنی اور بے لوث قربانی کی علامت قرار دیا گیا۔ 1999 کی کرگل جنگ میں انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں بے مثال بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا اور دشمن کے سامنے ڈٹے رہے۔

بیان کے مطابق ’کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی عظیم قربانی پاکستان کی مسلح افواج کے اس جذبے کی عکاسی کرتی ہے جو فرض شناسی، ایثار اور قربانی پر مبنی ہے۔ وہ ہمارے جوانوں اور پوری قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے‘۔

کرنل شیر خان، جنہیں بعد از شہادت نشانِ حیدر سے نوازا گیا ، جو کہ پاکستان کا سب سے بڑا فوجی اعزاز ہے ، نے کرگل کی دشوار گزار چوٹیوں پر دشمن کے خلاف جنگ میں بے مثال قیادت اورغیر معمولی شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے فرنٹ لائن پر رہ کر دشمن کا مقابلہ کیا اور مادرِ وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا۔

مزید پڑھیں:آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ میں تاریخی کامیابی پرنامور شوبز شخصیات کا افواج پاکستان کو شاندار خراج تحسین

پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اُن اقدار یعنی وفاداری، بہادری، اور عزت کو ہمیشہ زندہ رکھیں گی جن کے لیے کیپٹن شیر خان نے اپنی جان قربان کی، ۔

 بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس پُر وقار دن پر ہم اپنے قومی ہیرو کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے‘۔

واضح رہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کی قربانی کا روشن چراغ آج بھی قوم کے دلوں میں جل رہا ہے اور آنے والی نسلوں کے لیے ہمت، حوصلے اور قربانی کا پیغام بن کر ان کی رہنمائی کرتا رہے گا۔

کیپٹن کرنل شیر خان شہید کے یوم شہادت پر قرآن خوانی

کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشانِ حیدر)کے26ویں یومِ شہادت پر  مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔ کیپٹن کرنل شیر خان شہید کا یومِ شہادت پوری عقیدت اور احترام سے منایاگیا۔

دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور دعاؤں کے ساتھ ہوا، علما کرام  نے شہید کے درجات کی سربلندی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔

علمائے کرام نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’ وطن کی حفاظت کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج کے جوان عزت و احترام کے مستحق ہیں‘۔

علمائے کرام نے کہا کہ شہدا کا لہو ہم پر قرض ہے،  پاکستان کے شہدا کی عظیم قربانیوں کی بدولت آج ہمارا ملک قائم و دائم ہے،  زندہ قومیں اپنے محسنوں کے احسانات کو فراموش نہیں کرتیں۔

علمائے  کرام کا کہنا تھا کہ’ جو قومیں اپنے شہدا کی تکریم نہیں کرتیں وہ ذلیل و رسوا ہو جاتی ہیں‘۔ شہید ہمیشہ زندہ ہوتے ہیں،  کیپٹن کرنل شیر خان شہید قوم کا بہادر بیٹا تھا جو ہمیشہ ہر دل میں زندہ رہے گا۔ قوم کے شہداء کی قربانیاں ملکی استحکام اور عظمت کی نشانیاں ہوتی ہیں جس پر قوم بجا طور پر فخر کرتی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *