ملک بھر میں محرم الحرام انتہائی عقیدت، احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے جبکہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں 9 ویں محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کا آغاز ہو چکا ہے، ہزاروں عزاداروں مجالس میں شرکت کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے وزارت داخلہ نے عاشورہ کے موقع پر حساس اضلاع میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آزاد ڈیجیٹل ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو یہ ہدایات صوبوں کی درخواست پر جاری کی گئی ہیں۔
پنجاب کے 23 اضلاع میں سروسزمعطل
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی درخواست پر درج ذیل 23 اضلاع میں مختلف اوقات میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند رہیں گی۔
ان اضلاع میں شیخوپورہ، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، بہاولپور، منڈی بہاؤالدین، وزیرآباد، چکوال، راولپنڈی، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ملتان، لودھراں، اوکاڑہ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بہاولنگر، رحیم یار خان شامل ہیں
ملک بھر میں جلوس اور مجالس کا انعقاد
ملک کے تمام بڑے شہروں میں تعزیہ، علم اور ذوالجناح کے جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔ نویں محرم الحرام کے موقع پر نواسہ رسول ﷺ کی عظیم قربانی کو یاد کرتے ہوئے پورے احترام کے ساتھ ان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد
وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد میں پہلی بار موبائل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو بغیر موبائل سگنلز کے بھی کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کا مقصد سیکیورٹی کی نگرانی اور فوری رابطے کو یقینی بنانا ہے۔
لاہور
لاہور میں 9 ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پینڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوا، جہاں علامہ قمر عباس مجاہد نے واقعہ کربلا پر روشنی ڈالی۔ شادمائن کالونی کے قصرِ بتول امام بارگاہ اور نکلسن روڈ پر امام بارگاہ عطیہ اہل بیت میں بھی مجالس اور جلوس منعقد ہوئے۔ مولانا سجاد حیدر نقوی اور علامہ ابصار نقوی نے اہل بیت کی شان اور امام حسینؑ کی قربانی پر خطبات پیش کیے۔
ملتان
ملتان میں 80 جلوس اور 166 مجالس منعقد ہوئیں۔ مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینی، ممتاز آباد سے برآمد ہوا، جبکہ دیگر جلوس جناح اسٹریٹ، تغلق روڈ، جمال شاہ امام بارگاہ اور سورج میانی سے نکلے۔سیکیورٹی کے لیے 3,716 پولیس اہلکار اور 1,275 رضاکار تعینات کیے گئے۔
کراچی
کراچی میں عاشورہ کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا۔
جلوس نمائش، صدر، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ اور کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان پر اختتام پذیر ہوا۔ سولجر بازار میں مانیٹرنگ روم قائم کیا گیا، جبکہ لیاقت نمبر 10 تا تین ہٹی سڑک سکیورٹی خدشات کے باعث بند رہی۔
بہاولپور
بہاولپور میں بیری والا چوک، شاہدرہ سے مرکزی جلوس برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا جامع مسجد شیعہ، زنانہ اسپتال پر شام 4 بجے اختتام پذیر ہوا۔
اوچ شریف و روہڑی
اوچ شریف میں محلہ خواجگان امام بارگاہ سے حضرت عباس علمدارؑ کا جلوس نکالا گیا، جب کہ روہڑی میں 550 سالہ قدیم کربلا معلیٰ سے نوڈھالا تعزیہ کا تاریخی جلوس نکالا گیا۔
میانوالی کشتیوں کا جلوس
میانوالی میں عزاداروں نے ایک منفرد انداز میں کشتیوں پر جلوس نکالا جو مری انڈس سے وندہ ککڑاں تک گیا۔ یہ روایت 100 سال سے جاری ہے اور جلوس کے شرکا لائف جیکٹس پہن کر کشتیوں میں سوار ہوتے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں۔
مٹیاری، آگ پر چل کر خراجِ عقیدت
مٹیاری میں عزاداروں نے 20 فٹ گہرا گڑھا کھود کر اس میں لکڑیاں رکھ کر آگ لگائی اور پھر ننگے پاؤں آگ پر چل کر امام حسینؑ کو خراجِ عقیدت پیش کیا اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
جھنگ میں قدیمی تعزیے کی زیارت
جھنگ کے علاقے ڈباکرن میں عزاداروں نے قدیمی تعزیے کی زیارت کی، جو مقامی روایت کا حصہ ہے۔
سیکیورٹی ہائی الرٹ، حکومت کا تعاون کی اپیل
پورے ملک میں پولیس، رینجرز اور ریسکیو ادارے ہائی الرٹ پر ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے، حکومت نے شہریوں سے سیکیورٹی اداروں سے مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔
یومِ عاشور 10محرم الحرام کل اتوار کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا، جس کے لیے سیکیورٹی مزید سخت اور حساس علاقوں میں موبائل سروسز بند رہیں گی۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے رفقا کی قربانی کو یاد کرتے ہوئے حق، صبر اور باطل کے خلاف ڈٹ جانے کے پیغام کو تازہ کیا جا رہا ہے۔