امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ لائبیریا کے صدر کی روانی سے بولی گئی انگریزی پر حیران رہ گئے جس پر دونوں رہنماؤں کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب افریقی ممالک کے رہنماؤں کا ایک وفد وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے آیا۔ اس دوران کچھ رہنما مختلف زبانوں میں اظہار خیال کر رہے تھے تاہم جب لائبیریا کے صدر نے مائیک سنبھالا تو انہوں نے روانی سے انگریزی میں بات کی جس پر صدر ٹرمپ حیران رہ گئے۔
صدر ٹرمپ نے لائبیریا کے صدر سے پوچھا: ” آپ نے اتنی اچھی انگریزی کہاں سے سیکھی؟” اس پر لائبیریا کے صدر نے مسکراتے ہوئے جواب دیا “میں نے انگریزی لائبیریا سے سیکھی ہے۔”
صدر ٹرمپ نے جواب سن کر دلچسپی کا اظہار کیا اور ہنستے ہوئے کہا “انٹرسٹنگ! یہاں میز پر بیٹھے کچھ لوگ اتنی اچھی انگریزی نہیں بول سکتے۔” واضح رہے کہ لائبیریا ایک مغربی افریقی ملک ہے جہاں انگریزی سرکاری زبان ہے اور وہاں کے بیشتر شہری روانی سے انگریزی بولتے ہیں۔