پاک فوج کے ترجمان، ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری، ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے یونیورسٹی آف آزاد جموں کشمیر، مظفرآباد کے کنگ عبداللہ کیمپس کا دورہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے استقبال کے لیے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک، اساتذہ اور طلبا نے شاندار انتظامات کر رکھے تھے۔
یونیورسٹی کے طلبا نے روایتی انداز اور والہانہ جذبے سے ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری کا استقبال کیا۔ کیمپس میں ایک خصوصی تعلیمی نشست کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نوجوان طلبا و طالبات سے خطاب کیا اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔
اپنے خطاب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نہ صرف ملکی سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ قومی اتحاد اور استحکام کی علامت بھی ہے۔ جنرل احمد شریف چوہدری نے طلبا کو ملک کی خودمختاری، سالمیت اور دفاع میں اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا۔
طلبا نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان‘ کا نعرہ حقیقت بن جائےگا۔’انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف مؤثر جواب دینے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا‘۔
یہ ملاقات طلبا کے لیے ایک یادگار تجربہ رہی، جس نے ان میں قومی شعور، حب الوطنی اور اداروں پر اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس اہم دورے کو ایک تعلیمی اور قومی شعور بیدار کرنے والا لمحہ قرار دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا یہ دورہ نوجوانوں کے ساتھ بامعنی مکالمے اور قومی یکجہتی کے فروغ کی ایک اہم کاؤش ثابت ہوا۔