اٹلی مینز کرکٹ ٹیم نے ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے پہلی بار آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرلی ہے۔
یورپ ریجن فائنل کے آخری میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف شکست کے باوجود اٹلی نے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کی اور یوں آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے عالمی ایونٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہا۔
اس فیصلہ کن میچ سے قبل اٹلی تین میچز میں پانچ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست تھا، ٹیم کے لیے یہ ضروری تھا کہ وہ بڑے مارجن سے شکست سے بچے کیونکہ ایسی صورت میں اسکاٹ لینڈ کو شکست دینے والی جرسی کی ٹیم نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر انہیں پیچھے چھوڑ سکتی تھی۔
میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اٹلی نے 20 اوورز میں 134 رنز بنائے اور سات وکٹیں کھو دیں۔ بین مانینتی نے 30 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی جس میں ایک چوکا اور دو چھکے شامل تھے،گرینٹ اسٹیورٹ نے 25، ہیری مانینتی نے 23 اور کپتان جو برنز نے 22 رنز اسکور کیے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے روئلوف وین ڈیر میرو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 15 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔ کائل کلین نے دو جبکہ آریان دت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں نیدرلینڈز نے ہدف 17 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ میکس او ڈاؤڈ 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ مائیکل لیوٹ نے 34 اور کپتان ایڈورڈز نے 37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اٹلی کی طرف سے واحد وکٹ کرشان کلواگاماجے نے حاصل کی۔
اگرچہ اٹلی یہ میچ ہارگیا مگر اس کے بولرز نے نیدرلینڈز کو محدود کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ شکست کا فرق اتنا نہ ہو جو ان کی ورلڈ کپ میں شمولیت کو خطرے میں ڈالے۔ اس حکمت عملی نے ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کروانے میں اہم کردار ادا کیا۔