معیشت میں زبردست بہتری آئی، موڈیز پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مطالبہ

معیشت میں زبردست بہتری آئی، موڈیز پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کرے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مطالبہ

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیزسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری لائے، کیونکہ ملک نے حالیہ مہینوں میں نمایاں معاشی بہتری اور اصلاحات کی ہیں جو معیشت کے استحکام کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:موڈیز نے پاکستان کا بینکنگ سسٹم آؤٹ لک مستحکم سے مثبت قرار دے دیا

منگل کو موڈیز کے ساتھ ہونے والی اعلیٰ سطح کی ورچوئل میٹنگ میں وزیر خزانہ کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور متعلقہ وزارتوں کے سینیئر افسران شریک ہوئے۔ پاکستانی ٹیم نے موڈیز کو معیشت کی بہتری، مالیاتی استحکام اور اصلاحاتی ایجنڈے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

واضح رہے کہ موڈیز نے پاکستان کی ریٹنگ فروری 2023 میں سی اے اے۔3 کر دی تھی جب آئی ایم ایف پروگرام معطل ہو گیا تھا۔ بعد ازاں بہتری آنے پر اسے ایک درجے بہتر کرتے ہوئے سی اے اے۔2 کر دیا گیا اور آؤٹ لک کو ’مستحکم‘ سے ’مثبت‘ کر دیا گیا۔ تاہم پاکستان اب مزید بہتری کا خواہاں ہے تاکہ وہ عالمی مالیاتی منڈیوں میں دوبارہ داخل ہو سکے، جہاں وہ جولائی 2021 سے نئے بانڈز جاری نہیں کر رہا۔

وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے آخری جائزے کی کامیاب تکمیل اور ریسیلینس اینڈ سسٹین ایبیلیٹی فیسلٹی (آر ایس ایف)  کے تحت پیش رفت کو معاشی اعتماد کی بحالی میں اہم سنگ میل قرار دیا۔

انہوں نے نئے بجٹ میں کیے گئے مالیاتی اقدامات، برآمدات پر مبنی ترقی کے لیے ٹیرف میں نرمی، اخراجات میں کمی، اور ٹیکس نظام میں بہتری جیسے بڑے اقدامات کی وضاحت کی۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ ٹیکس اصلاحات پر وزیراعظم خود نگرانی کر رہے ہیں اور رواں سال 2 کھرب روپے کا اضافی ریونیو حکومت کی خودمختار کوششوں سے حاصل ہوا ہے۔ آئندہ چند برسوں میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کا ہدف 13 سے 13.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:موڈیز نے 5 پاکستانی بینکوں کی ریٹنگ اپ گریڈ کردی

حکام نے موڈیز کو معیشت میں بہتری کے شواہد بھی پیش کیے جن میں مہنگائی میں کمی، پالیسی ریٹ میں کمی، کرنسی ریٹ کا استحکام، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، ترسیلات زر اور برآمدات میں بہتری شامل ہیں۔

اجلاس میں پاکستان کی عالمی مالیاتی منڈیوں میں واپسی کی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالی گئی، جس میں مشرق وسطیٰ سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ، چین میں پہلا پانڈا بانڈ، اور مستقبل میں یوروبانڈز اور دیگر عالمی قرضوں کی مارکیٹ سے فائدہ اٹھانے کے ارادے شامل ہیں۔

موڈیز کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے حکومت کی اصلاحاتی عزم خاص طور پر نجکاری، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور سرکاری اخراجات میں کمی کے شعبوں میں اصلاحات کا اعادہ کیا۔

محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے معاشی اشاریے اور اصلاحاتی پیش رفت مستقبل میں موڈیز کی ریٹنگ میں بہتری کی صورت میں ضرور سامنے آئیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *