پاکستانی جنگی طیاروں کی برطانیہ میں شاندار انٹری، عالمی ایئر شو میں شرکت کے لئے پہنچ گئے

پاکستانی جنگی طیاروں کی برطانیہ میں شاندار انٹری، عالمی ایئر شو  میں شرکت کے لئے پہنچ گئے

اسلام آباد: پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے جنگی اور ٹرانسپورٹ طیارے برطانیہ میں منعقدہ عالمی ایئر شو “رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) 2025” میں شرکت کے لیے برطانیہ پہنچ گئے ہیں۔

پی اے ایف کے وفد میں جدید ترین جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III جنگی طیارہ اور معروف سی-130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ شامل ہے۔ سی-130 ہرکولیس نے اپنی منفرد اور حقیقت سے قریب تر “عقاب” کے انداز میں پینٹ کی گئی لوری کے ذریعے شائقین اور ماہرین کی خصوصی توجہ حاصل کی۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق جے ایف-17 تھنڈر نے آر آئی اے ٹی 2025 کے لیے روانگی کے دوران فضا میں ایندھن حاصل کرنے کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ یہ فضائی ری فیولنگ آپریشن پاک فضائیہ کے آئی ایل-78 ٹینکر کی معاونت سے انجام پایا، جس سے پی اے ایف کی طویل فاصلے کی مشن صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فضائیہ کا کارنامہ: بھارتی طیاروں کو مار گرانے کا واقعہ عالمی عسکری نصاب کا حصہ بن گیا

جے ایف-17 ایک جدید ملٹی رول جنگی طیارہ ہے، جو پاکستان اور چین کی مشترکہ پیداوار ہے۔ یہ طیارہ حالیہ برسوں میں بھارت کے خلاف فضائی معرکوں میں استعمال ہو چکا ہے۔ اس میں جدید ریڈار سسٹم، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلز سمیت جدید ٹیکنالوجی سے لیس سہولیات موجود ہیں، جو اسے جدید جنگی ماحول میں مختلف مشن مکمل کرنے کے قابل بناتی ہیں۔

سی-130 ہرکولیس کی لوری اس سال کے ایئر شو کے تھیم “Eyes in the Skies” کے تحت تیار کی گئی ہے۔ اس ڈیزائن کا مقصد فضائی افواج کے نگرانی اور معلومات اکٹھا کرنے کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ اس پینٹنگ نے ایئر شو کے شرکاء، ماہرین اور عوام کی بھرپور توجہ حاصل کی اور سی-130 طیارہ تقریب کا مرکزی مرکز نگاہ بن گیا۔

پی اے ایف کے مطابق اس ایئر شو میں شرکت سے نہ صرف عالمی سطح پر فضائیہ کے پیشہ ورانہ طریقہ کار کا تبادلہ ہوگا بلکہ پاکستان کی مقامی ایوی ایشن انڈسٹری کی ترقی اور صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔ پاک فضائیہ کے منفرد طیاروں کی موجودگی نے عوامی دلچسپی کے ساتھ ساتھ دفاعی تجزیہ کاروں کی بھی خاص توجہ حاصل کی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *