پاکستان کا کالعدم بی ایل اے کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینےکا مطالبہ

پاکستان کا کالعدم بی ایل اے کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو دہشتگرد قرار دینےکا مطالبہ

اسلام آباد – پاکستان نے دہشتگردی کی ہر شکل اور صورت کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ملک کی انسدادِ دہشتگردی کی پالیسی “صفر برداشت” اور بین الاقوامی تعاون کے اصولوں پر مبنی ہے۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سے دہشتگردی کے خلاف صفِ اول کا ملک رہا ہے اور عالمی امن کے لیے اپنی انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں سے نمایاں کردار ادا کرتا آیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایبی گیٹ بم دھماکے کے مرکزی منصوبہ ساز شریف اللہ کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ گرفتاری پاکستان کے مؤثر انسدادِ دہشتگردی اقدامات کا واضح ثبوت ہے۔

پہلگام واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ واقعہ ایک بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں پیش آیا، اور اس کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ اس واقعے کو پاکستان میں کالعدم اور غیر فعال تنظیم لشکر طیبہ سے جوڑنے کی بھارتی کوششیں زمینی حقائق کے منافی ہیں۔ پاکستان نے اس تنظیم کو مؤثر انداز میں ختم کیا ہے، اس کی قیادت کو گرفتار کر کے عدالتی کارروائی کے تحت سزائیں دلوائی ہیں، جبکہ تنظیم کے کارکنوں کو ڈی ریڈیکلائز کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ اگرچہ یہ معاملہ امریکہ کے داخلی قوانین سے متعلق ہے، تاہم بھارت کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ وہ ایسے اقدامات کو پاکستان مخالف پراپیگنڈے کے لیے استعمال کرتا ہے تاکہ اپنی غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ پالیسیوں، خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹائی جا سکے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنی بے مثال قربانیوں اور مؤثر اقدامات کی بدولت عالمی انسدادِ دہشتگردی کی دیوار بنا ہوا ہے۔ اعلامیے میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ دہشتگردی جیسے عالمی خطرے کے خاتمے کے لیے غیر جانبدار اور منصفانہ حکمت عملی اپنائے۔ اس سلسلے میں دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ دہشتگرد تنظیم “مجید بریگیڈ” کو بھی کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے ایک گروپ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے اس کا نام عالمی دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

Mughees Ali
author
مغیث علی ایک معروف پاکستانی صحافی ہیں جو ٹی وی، پرنٹ اور ڈیجیٹل میڈیا میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ ٹوئٹر/X پر خبروں، تجزیوں اور تازہ ترین حالات کی بروقت معلومات شیئر کرتے ہیں، جس کی بدولت وہ پاکستان کے میڈیا منظرنامے میں ایک نمایاں آواز بن چکے ہیں

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *