اسلام آباد: حالیہ شدید بارشوں کے باعث راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، جس کے بعد حکام نے حفاظتی اقدام کے طور پر ڈیم کے اسپِل ویز کھول دیے ہیں تاکہ اضافی پانی کو خارج کیا جا سکے۔
وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہروں میں گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ڈیم میں پانی کا بہاؤ معمول سے کہیں زیادہ ہو چکا ہے۔ محکمہ آبپاشی اور واٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق ڈیم کی پانی ذخیرہ کرنے کی حد 1752 فٹ ہے، جبکہ موجودہ سطح 1750 فٹ سے تجاوز کر چکی تھی جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر اسپِل ویز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق ڈیم سے پانی کا اخراج بتدریج کیا جا رہا ہے تاکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی کیفیت سے بچا جا سکے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور نشیبی آبادیوں کو محتاط رہنے اور نقل مکانی کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :راول ڈیم میں نہاتے ہوئے تین نوجوان ڈوب گئے، دو جاں بحق، ایک کی حالت تشویشناک