’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام میں درخواست دینے والوں کیلئے بڑی پیشرفت سامنے آگئی

’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام میں درخواست دینے والوں کیلئے بڑی پیشرفت سامنے آگئی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے عوامی فلاحی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے، جہاں اب تک 52 ہزار سے زائد خاندان بلاسود قرضوں سے مستفید ہو چکے ہیں۔ حکومت پنجاب نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے لیے پروگرام کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جب کہ 42 ارب روپے سے زائد کی گرانٹ بھی جاری کی جا چکی ہے۔

پروگرام کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے بینک آف پنجاب اور محکمہ ہاؤسنگ پنجاب کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین اور صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود نے دستخطی تقریب میں شرکت کی، جب کہ معاہدے پر ڈی جی پھاٹا سکندر ذیشان اور عمر خان نے دستخط کیے۔

بلال یاسین نے بتایا کہ مالی سال 2025-26 میں گھروں کی فنانسنگ صرف بینک آف پنجاب کرے گا، اور سالانہ اہداف کے حصول کے لیے مائیکروفنانس اداروں کی تجاویز منظور کر لی گئی ہیں۔ ان کے مطابق اب تک 60 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جب کہ 90 کروڑ روپے ماہانہ اقساط کی صورت میں واپس وصول بھی ہو چکے ہیں۔ آئندہ ماہ مزید 10 ارب روپے تقسیم کیے جائیں گے۔

دوسری جانب، ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کو منصوبے کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا، جس پر انہوں نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر اب تک 60 ارب 50 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں، 6160 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، اور مزید 45 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایک لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر کا ہدف مکمل کیا جائے گا، جب کہ قرض کے حصول اور درخواست کا طریقہ کار انتہائی آسان اور مکمل طور پر آن لائن بنایا گیا ہے۔

اپنی چھت اپنا گھر پروگرام پنجاب حکومت کا وہ نمایاں منصوبہ بن چکا ہے جو کم آمدنی والے شہریوں کو اپنے ذاتی گھر کا خواب پورا کرنے میں مدد دے رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *