خیبرپختونخوا میں کوئی نیا آپریشن نہیں ہو رہا، نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے: طلال چوہدری

خیبرپختونخوا میں کوئی نیا آپریشن نہیں ہو رہا، نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری ہے: طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں کسی نئے آپریشن کا آغاز نہیں کیا گیا، وہاں فورسز اور وفاقی و صوبائی ادارے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ پشاور میں ہونے والی اے پی سی کے حوالے سے واضح کیا گیا کہ ملک میں سب سے زیادہ دہشت گردی خیبرپختونخوا میں ہو رہی ہے، مگر اس کے باوجود صوبہ دہشت گردی کے خلاف ادارے بنانے میں پیچھے رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبے میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، فرانزک لیبارٹری اور سیف سٹی جیسے منصوبے موجود نہ ہوں تو دہشت گردی سے مؤثر انداز میں کیسے نمٹا جا سکتا ہے؟

وزیر مملکت نے کہا کہ وفاق داخلی اور خارجی خطرات سے نمٹنے کے لیے اپنے وسائل استعمال کر رہا ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد جاری رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم صوبوں کو یاد دلاتے رہیں گے کہ امن و امان برقرار رکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا اور پنجاب میں سینیٹ انتخابات کے لیے ووٹنگ جاری، ایوان میں سیاسی ہلچل، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

طلال چوہدری نے خیبرپختونخوا کی فورسز کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قابل تحسین ہیں، لیکن بدقسمتی سے صوبے کی سیاسی قیادت کمزور اور دہشت گردوں سے خوفزدہ نظر آتی ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے دوروں پر تنقید کے بجائے اپوزیشن کو چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں ادا کرے، وفاق کے کاموں میں مداخلت نہ کرے اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے گریز کرے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *