بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے مانسا دیوی مندر میں بھگدڑ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے مانسا دیوی مندر میں بھگدڑ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی

بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے مانسا دیوی مندر میں بھگدڑ، 6 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہو گئے ہیں، ہریدوار میں مذہبی اجتماع کے دوران ہجوم کے بے قابو ہونے سے سانحہ رونما ہوا، سیڑھیوں پر بھگدڑ سے کئی افراد کچلے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت میں بڑھتے حادثات اور مودی کی ترجیحات ، 11 سالہ دور اقتدار کا پول کھل گیا

شمالی بھارت کی ریاست اتراکھنڈ کے مشہور مانسا دیوی مندر میں اتوار کی صبح بھگدڑ مچنے سے کم از کم 6 افراد  ہلاک اور ایک درجن سے زیادہ زخمی ہو گئے، حکام نے تصدیق کی ہے۔

یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب مندر کی تنگ سیڑھیوں پر زائرین کا ہجوم اچانک بے قابو ہو گیا۔ گنگا کے کنارے واقع ہریدوار کے شہر میں واقع مانسا دیوی مندر میں ساون کے مہینے میں لاکھوں عقیدت مند آتے ہیں۔

سینیئر پولیس افسر پرمیندر دوبھال نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ 6 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 10 سے زیادہ زخمی اسپتال میں داخل ہیں‘۔

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ’ میں مقامی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں، اور صورت حال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ ہجوم میں بھگدڑ کے دوران شدید افراتفری مچ گئی، لوگ چیختے چلاتے اور ایک دوسرے پر گرتے جا رہے تھے۔ کئی افراد کچلے گئے اور کچھ دم گھٹنے سے بے ہوش ہو گئے۔

مزید پڑھیں:حادثات کے بعد پائلٹس پیچھے ہٹنے لگے، ایئر انڈیا میں بڑھتا خوف اور خاموش بغاوت

یہ سانحہ بھارت میں مذہبی مقامات پر ہجوم کے خطرناک انداز میں بڑھنے کا ایک اور افسوسناک واقعہ ہے۔ اس سے قبل جون میں اڑیسہ میں ایک مذہبی میلے کے دوران 3 افراد بھگدڑ میں ہلاک ہوئے تھے، جب کہ مئی میں گوا میں ایک مشہور آگ پر چلنے کی رسم کے دوران 6 افراد جان سے گئے۔ جنوری میں پریاگ راج میں کمبھ میلے کے دوران علی الصبح بھگدڑ نے 30 سے زیادہ زندگیوں کا چراغ گل کر دیا تھا۔

ماہرین اور عوام طویل عرصے سے بڑی مذہبی تقریبات میں ناکافی حفاظتی اقدامات پر سوال اٹھاتے آ رہے ہیں۔ بار بار ہونے والے ان حادثات کے باوجود، ہجوم پر قابو پانے کے مؤثر انتظامات اکثر نظر انداز کیے جاتے ہیں۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جاں بحق افراد کے اہل خانہ انصاف اور محفوظ زیارت گاہوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *