کیا آپ کی آمدنی کم ہے اور سالوں سے اپنے گھر کے خواب کو حقیقت بنتے دیکھنا چاہتے ہیں؟ تو یہ خوشخبری آپ کے لیے ہے ، پنجاب حکومت نے کم آمدنی والے شہریوں کے لیے گھروں کی فراہمی کا باقاعدہ منصوبہ شروع کر دیا ہے اور جلد ایسا وقت آئے گا جب چھت صرف خواب نہیں رہے گی ۔
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے سستے اور قابل استطاعت رہائشی منصوبوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کیا ہے، سہولیات سے بھرپور سستے رہائشی مواقع پیدا کرنے کے لیے قانون سازی پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ پنجاب نے سستے اور قابلِ استطاعت رہائشی منصوبوں کے حوالے سے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبے بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قوانین اور قانونی فریم ورک یکساں بنائے جائیں گے، محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق صوبے بھر کی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے قوانین اور قانونی فریم ورک کو یکساں کیا جائے گا تاکہ سرکاری اور نجی ہاؤسنگ سکیموں میں سستے گھروں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ان نئے قوانین کے تحت تمام ہاؤسنگ سکیموں کو سماجی ذمہ داری کے تحت کچھ فیصد علاقے کو سستے اور قابلِ استطاعت گھروں کے لیے مختص کرنا ہوگا۔
یہ قانون سازی اور قانونی فریم ورک مکمل کرنے کے بعد عملدرآمد شروع کیا جائے گا۔
نئے قوانین کا اطلاق تمام ضلعی ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، روڈا، پھاٹا اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پر ہوگا تاکہ عوام کو سستے اور معیاری رہائش کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اگر یہ قانون سازی کامیابی سے مکمل ہوتی ہے تو پنجاب کے ہزاروں کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے اپنا گھر محض خواب نہیں رہے گا، بلکہ ایک حقیقت بن جائے گا، یہ قدم نہ صرف ایک بڑی سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھے گا بلکہ عام آدمی کو عزت، تحفظ اور خودمختاری کا احساس بھی دے گا۔