بھارتی فوج کی حالیہ رودر ہیلی کاپٹر کی فائرنگ مشقیں، جن میں مقامی طور پر تیار کردہ ’ایچ اے ایل‘ رودر اٹیک ہیلی کاپٹراستعمال کیے گئے، سیاسی تنازع کا سبب بن گئی ہیں۔
بھارت کے دفاعی مبصرین کا کہنا ہے کہ مودی حکومت فوجی طاقت کو اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے اور علاقائی اشتعال انگیزی کے لیے استعمال کر رہی ہے۔
آزاد ریسرچ کے مطابق یہ مشقیں آپریشن سندور کے بعد کی جا رہی ہیں، جسے کئی تجزیہ کار ایک ناکام عسکری کارروائی قرار دیتے ہیں۔ دفاعی مبصرین کا ماننا ہے کہ یہ مشقیں روایتی تربیت نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا پیغام ہیں، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت کے مایوس عوام کو بھی دکھانے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔
’ایچ اے ایل‘ رودر، جو دھرو ہیلی کاپٹر کا ورژن ہے، 20 ملی میٹر چین-ماونٹڈ توپ، 70 ملی میٹر لیزر گائیڈڈ راکٹس، ہیلی نا اینٹی ٹینک میزائلز، اور میسترال ایئر ٹو ایئر میزائلز سے لیس ہے۔ جدید ڈے اینڈ نائٹس آپٹکس اور 600 کلومیٹر کی جنگی رینج کے ساتھ رودر ہیلی کاپٹر کو خاص طور پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر تیز رفتار حملوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کا وقت محض اتفاق نہیں، ’آپریشن سندور‘ میں بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی طرف سے اسے شدید جوابی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد مودی حکومت اب اپنی کمزور ہوتی ساکھ بحال کرنے کے لیے عسکری طاقت کا سہارا لے رہی ہے۔
بھارت کے دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ’رودر ہیلی کاپٹر‘ کی یہ مشقیں محض دفاعی تیاری نہیں بلکہ ایک سیاسی تھیٹر ہے‘۔ ’یہ پیغام پاکستان کو دیا جا رہا ہے اور عوام کو حب الوطنی کے جذبات سے لبریز کر کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے‘۔
حکومت نے حال ہی میں رودر ہیلی کاپٹر مشقوں کے علاوہ نئی بریگیڈز اور خصوصی کمانڈو یونٹس بھی تشکیل دی ہیں، جس سے ان خدشات کو تقویت ملی ہے کہ یہ صرف مشقیں نہیں بلکہ ممکنہ حملوں کی تیاری ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں اور امن کے علمبرداروں نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کی عسکری نمائشیں پاک-بھارت تعلقات کو مزید کشیدہ کر سکتی ہیں۔ ایک سینیئر اپوزیشن رہنما نے کہا کہ ’یہ صرف طاقت کا مظاہرہ نہیں بلکہ خطے کے امن سے کھیلنے کا خطرناک عمل ہے‘۔
جب تک حکومت اپنے عزائم واضح نہیں کرتی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات نہیں اٹھاتی، تب تک رودر کی گرجدار فائرنگ شاید بیرونی طاقت کا تاثر دے، لیکن یہ اندرونی تنقید کو خاموش کرنے میں کامیاب ہو گی یا نہیں، یہ کہنا قبل از وقت ہے۔