ویب ڈیسک۔ پہلگام واقعہ کے بعد سے ملک کے اندر وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کے حوالے سے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں جگہ سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بھارتی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ پی گورو گوگوئی نے وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں کہا کہ آپ بتائیں کہ آپ کس کے سامنے جھکے؟ کس کے سامنے آپ نے ہتھیار ڈالے؟
پی گورو گوگوئی نے مزید کہا کہ امریکی صدر 26 مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے جنگ بندی میں ثالثی کی اور دونوں ملکوں کو جنگ بندی پر مجبور کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج امریکی صدر خود یہ کہہ رہے ہیں کہ پانچ یا چھ بھارتی جیٹ طیارے گرائے گئے، اور ایک ایک طیارہ کروڑوں روپوں کا ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی قوم کو بتائیں کہ کتنے طیارے گرے؟ اور ان میں سے کون سا جیٹ پاکستان نے مار گرایا، جس میں رافیل طیارے کی تباہی بھی شامل ہے۔
پی گورو گوگوئی نے کہا کہ صرف بھارتی عوام ہی نہیں، بلکہ بھارتی فوج کے جوانوں سے بھی مسلسل جھوٹ بولا جا رہا ہے، جس پر ملک بھر میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔