ثالثی پیشکش نیک نیتی پر مبنی، پاکستان کا حالیہ تنازع میں کردار وسیع علاقائی مفاد میں ہے ، رضوان سعید

ثالثی پیشکش نیک نیتی پر مبنی، پاکستان کا حالیہ تنازع میں کردار وسیع علاقائی مفاد میں ہے ، رضوان سعید

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے ثالثی کی پیشکش نیک نیتی پر مبنی ہے ، امریکا اور ایران کے حالیہ تنازع میں ثالثی کا کردار وسیع تر علاقائی مفاد میں ہے۔

 پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں خطے کی موجودہ صورتحال، ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی، اور پاکستان کے سفارتی کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نتیجہ خیز بات چیت کے حوالے سے ہر ممکنہ سہولت کاری فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے  اور دونوں فریقین کی جانب سے پاکستان پر اعتماد کا اظہار قابلِ قدر ہے، یہ ایک نہایت پیچیدہ معاملہ ہے جس میں سیاسی، اقتصادی اور علاقائی عوامل شامل ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ملک کی سفارتی تاریخ امن کے فروغ سے جڑی ہوئی ہے اور حالیہ پیشکش بھی خلوصِ نیت پر مبنی ہے، جس میں دیگر علاقائی ممالک کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بات چیت کے ذریعے مسائل کا حل ممکن ہے، تاہم سفارت کاری ایک تدریجی عمل ہے جس میں وقت درکار ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایران ،امریکا مذاکرات: نمائندہ خصوصی اسٹیووٹکوف کا امریکی کابینہ میں پاکستان کی کامیاب سفارتکاری کا اعتراف

رضوان سعید شیخ نے واضح کیا کہ پاکستان نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم حتمی فیصلے متعلقہ فریقین نے خود کرنے ہیں، پاکستان ہمیشہ مذاکرات اور سفارت کاری کو ہی مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ سمجھتا ہے۔

دہشتگردی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی بارہا نشاندہی کے باوجود کارروائی نہ ہونے پر پاکستان کو مجبوراً خود ایکشن لینا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنتے نہیں دیکھ سکتا اور اس حوالے سے واضح شواہد موجود ہیں کہ بعض عناصر کو بیرونی سرپرستی حاصل ہے، پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشتگردی میں بھارتی حمایت کے شواہد بھی سامنے آ چکے ہیں۔

رضوان سعید شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور مؤثر سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *