صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک کی موجودہ معیشت، توانائی اور علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء، وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، جبکہ وزیر خارجہ نے عالمی سفارتی معاملات پر بریفنگ دی۔
اجلاس میں مہنگائی کے بوجھ میں کمی اور عوام کو اشیائے ضروریہ کی بروقت دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ ملک کی معیشت مستحکم رہ سکے اور عوام پر بڑھتے ہوئے اقتصادی دباؤ کو کم کیا جا سکے۔
توانائی کے شعبے میں بجلی اور ایندھن کی دستیابی اور بچت کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے عوامی مفاد کو مقدم قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں :ورک فرام ہوم ، آن لائن کلاسز، محکمہ توانائی پنجاب نے توانائی بچت کیلئے تجاویز پیش کردیں
حکومت نے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا کہ ملکی معیشت اور توانائی کے مؤثر انتظام کے لیے 60 فیصد سرکاری گاڑیاں فوری طور پر بند کر دی جائیں گی، اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بچت اور سرکاری اخراجات میں کمی کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس میں توانائی کے شعبے میں بچت اقدامات اور ملکی سطح پر ایندھن کی دستیابی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے غور کیا گیا۔ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے توانائی بچت کے لیے ممکنہ اقدامات کے تحت اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی تجویز کی مخالفت کی، جس پر اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ ملک بھر میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ نہیں کیا جائے گا۔
علاقائی صورتحال اور ملکی سیکورٹی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اور موجودہ خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا اجلاس کے شرکاء نے زور دیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے عوامی ریلیف، اقتصادی استحکام اور ملکی سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
President Zardari holds consultative meeting with PM @CMShehbaz, federal and provincial leadership to review economic, energy and regional situation, focusing on coordination, fuel conservation, public relief and mitigating impact on the common man. pic.twitter.com/BdW0vQ6ry4
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) March 30, 2026

