سابق سینیٹر اور سیاسی رہنما سید فیصل رضا عابدی نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کے دورِ حکومت میں انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، جیل میں قید رکھا گیا اور زہر دلوایا گیا، جس کے باعث وہ موت کے قریب پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ آج عمران خان خود جیل میں ہیں اور یہ سب مکافاتِ عمل ہے۔ فیصل رضا عابدی کے مطابق ان سمیت ہزاروں افراد کے ساتھ ناانصافیاں ہوئیں اور انہی مظلوموں کی بددعاؤں کے نتیجے میں موجودہ صورتحال سامنے آئی ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ ذاتی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔
سابق سینیٹر نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے سیاسی استحکام ناگزیر ہو چکا ہے۔
فیصل رضا عابدی نے کہا کہ عمران خان اپنی سزائیں بھگت چکے ہیں، اب انہیں سیاست میں واپس آنے کا موقع دیا جانا چاہیے تاکہ سیاسی کشیدگی میں کمی اور جمہوری عمل کو تقویت ملے۔