ٹی20 ورلڈ کپ: ٹم سیفرٹ کا ون مین شو، نیوزی لینڈ کی افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست

ٹی20 ورلڈ کپ: ٹم سیفرٹ کا ون مین شو، نیوزی لینڈ کی افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست

نیوزی لینڈ نے ایک سنسنی خیز اور زیادہ اسکور والے ٹی 20 ورلڈ کپ مقابلے میں افغانستان کو 13 گیندیں قبل 5 وکٹوں سے شکست دے دی، جو دونوں ٹیموں کے درمیان سب سے زیادہ مجموعی اسکور والے میچز میں سے ایک تھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔ گلبدین نائب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے، جس میں 3 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ صدیق اللہ اتل نے 24 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ان کا اچھا ساتھ دیا، جبکہ رحمان اللہ گرباز نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔

یہ بھی پڑھیں:فہیم اشرف کی دھواں دار بیٹنگ، پاکستان نے نیدر لینڈز کے منہ سے جیت چھین لی

اختتامی لمحات میں درویش رسولی نے 13 گیندوں پر 20 رنز، عظمت اللہ عمرزئی  7 گیندوں پر 14 رنز  اور محمد نبی 7 گیندوں پر 10 ناقابلِ شکست رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو مزید مضبوط بنایا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لاکی فرگوسن نے 40 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میٹ ہنری اور راچن رویندرا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں نیوزی لینڈ کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور صرف 14 رنز پر 2 وکٹیں گر گئیں، تاہم وکٹ کیپر بلے باز ٹِم سیفرٹ نے 42 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کا رخ بدل دیا، جس میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ گلین فلپس نے 25 گیندوں پر 42 رنز بنا کر رفتار کو برقرار رکھا، جبکہ مارک چیپمین نے 17 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے۔

ڈیرل مچل نے 14 گیندوں پر 25 ناقابلِ شکست رنز اور کپتان مچل سینٹنر نے 8 گیندوں پر 17 ناقابلِ شکست رنزبنا کر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 17.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز تک پہنچا دیا۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمان نے 31 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ راشد خان اور عظمت اللہ عمرزئی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ نے دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے مضبوط افغان اسکور کو کامیابی سے عبور کیا۔

Related Articles