پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے 16 رُکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں چار نئے چہرے بھی شامل ہیں ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بنگلہ دیش میں کھیلی جانے والی دو ٹیسٹ میچز کے لیے ٹیم کا اعلان کیا گیا، دورے کے لیے سابق کپتان سرفراز احمد کو ہیڈ کوچ جبکہ عمر گل کو بولنگ کوچ مقرر کیا ہے، اسد شفیق ٹیم کے بیٹنگ کوچ ہوں گے۔
کپتان شان مسعود کے علاوہ اوپنر امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد عباس، حسن علی، خرم شہزاد، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، اذان اویس، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ فضل اور عماد بٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
ٹیم میں فاسٹ بولر محمد عباس کی واپسی ہوئی ہے جبکہ چار نئے کھلاڑیوں میں غازی غوری، اذان اویس، عبداللہ فضل اور عماد بٹ کو پہلی مرتبہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کے وینیوز کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کیلئے 2 مئی کو بنگلہ دیش پہنچے گی ، سیریز کا پہلا میچ آٹھ سے 12 مئی کے دوران شیر بنگلہ نیشنل کرکٹ سیٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا میچ سلہٹ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم سلہٹ میں ہو گا، دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔