پی ایس ایل 11: آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکسویل نے تاریخ رقم کردی

پی ایس ایل 11: آسٹریلوی کھلاڑی گلین میکسویل  نے تاریخ رقم کردی

حیدر آباد کنگزمین کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں تاریخ رقم کردی ۔

آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے حیدرآباد کنگزمین اور راولپنڈیز کے درمیان جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے دوران 10 ہزار رنز اور 200 وکٹیں مکمل کرکے ایک منفرد اعزاز حاصل کیا، اس طرح وہ ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ انجام دیا۔

میچ کے دوران گلین میکسویل نے تیسرے اوور میں راولپنڈیز کے بلے باز عثمان خواجہ کو آؤٹ کر کے اپنی 200 ویں وکٹ مکمل کی، اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر کیرون پولارڈ بھی کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گلین میکسویل نے اب تک ٹی 20 کرکٹ کے 505 میچز میں 11009 رنز اور 200 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ 735 میچز میں 14482 رنز اور 333 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گلین میکسویل پہلی بار پاکستان سپر لیگ میں شرکت کر رہے ہیں اور انہیں جدید دور کے خطرناک ترین ٹی20 بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پی ایس ایل 11میں سفیان مقیم کا جادو ، شاندار باؤلنگ سے نیا ریکارڈ بنالیا

ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں میکسویل 130 میچز میں 2897 رنز بنا چکے ہیں، ان کا اسٹرائیک ریٹ 154.42 ہے جبکہ وہ 5 سنچریاں اور 12 نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکے ہیں، اس کے علاوہ وہ 51 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

اس سے قبل راولپنڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنائے، محمد علی اور حنین شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیم بلنگز 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

جواب میں حیدرآباد کنگز نے مطلوبہ ہدف 16.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور یوں ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرنے کے بعد حیدر آباد کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر آگئی ہے ۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *