بھارتی فوج کے ریٹائرڈ کرنل راجیش پاور نے اپنے انٹرویو میں اعتراف کیا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کی جا رہی ہے جبکہ ان کی مالی معاونت بھارت کررہا ہے۔
بھارتی فوج کے ریٹائرڈ کرنل راجیش پاور نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے افغانستان کی سرزمین استعمال کی جا رہی ہے، جہاں مختلف شدت پسند گروہ سرگرم ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ ان گروہوں کو مالی معاونت بھارت کی جانب سے جبکہ اسلحہ اور انٹیلیجنس سپورٹ اسرائیل فراہم کر رہا ہے، اور ان سرگرمیوں کا مرکزی ہدف پاکستان ہے۔
کرنل (ر) راجیش پاور کے مطابق ان ممالک کے مفادات ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور خطے میں پاکستان کو کمزور کرنا ایک مشترکہ مقصد کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل پاکستان کے ایٹمی پروگرام اور اس کے اسرائیل مخالف مؤقف کی وجہ سے اسے ایک اہم حریف کے طور پر دیکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کے ساتھ 10مئی جنگ پاکستان جیتا، 6 طیارے بھی گرائے، مزید بھی گرا سکتا تھا، بھارتی سابق فوجی افسر کا بڑا اعتراف
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایسے بیانات پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتے ہیں کہ ملک کو طویل عرصے سے پراکسی جنگ کا سامنا ہے، تاہم اس حوالے سے آزادانہ تصدیق اور شواہد کی اہمیت بھی برقرار ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر اس نوعیت کے الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن سکتے ہیں۔

