ایران کے اسرائیلی شہروں دیمونا، عرادپر تباہ کن میزائل حملے، کئی عمارتیں تباہ، 6 افرادہلاک،150 سے زائد زخمی

ایران کے اسرائیلی شہروں دیمونا، عرادپر تباہ کن میزائل حملے، کئی عمارتیں تباہ، 6 افرادہلاک،150 سے زائد زخمی

امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے اسرائیل کے جنوبی شہروں عراد، دیمونا اور وسطی علاقوں پر کلسٹر وار ہیڈ والے میزائلوں سے حملے کیے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیل کے شہر دیمونا پر ایران نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچویں بار میزائل حملے کیے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر میں شدید تباہی مچی ہے ،اس شہر میں اسرائیلی جوہری پلانٹ بھی واقع ہے جس کی وجہ سے یہاں سخت حفاظتی انتظامات ہیں ۔

اسرائیل کے جنوبی شہر عراد میں ایرانی حملے کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے، میزائل حملے میں کم از کم 20 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے، دیمونا میں 3 منزلہ عمارت مکمل طور پر منہدم ہوگئی، جبکہ 50 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیلی شہر دیمونا پر حملہ نطنز میں واقع جوہری افزودگی کے مرکز پر اسرائیلی حملے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔

دیمونا اور عراد پر ایران کے ہولناک حملوں کے بعد اسرائیل نے پورے ملک میں تعلیمی اداروں میں چھٹی دے دی , اسرائیلی وزارت تعلیم نے اعلان کیا کہ اتوار اور پیر کے روز کوئی شخص جسمانی طور پر کسی تعلیمی ادارے میں نہ جائے۔

دیمونا سمیت جنوبی اسرائیل کے مختلف علاقوں کیلئے ایران کی جانب سے نئے میزائل حملوں کے خدشے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے جن میں بیرشیبا اور بحیرہ مردار کے بعض علاقے بھی شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دیمونا انتہائی حساس اور سخت سکیورٹی والا شہر ہے،  تاہم حالیہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہاں میزائل ڈیفنس سسٹم ناکام رہا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بڑے اور پیچیدہ وار ہیڈز والے میزائلوں کو روکنا اسرائیل کیلئے زیادہ مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ایسے میزائل بعض اوقات اپنے اندر متعدد سب میونیشنز رکھتے ہیں، جن کا اثر وسیع علاقے تک پھیل سکتا ہے بعض اوقات 10 کلومیٹر تک، تازہ وارننگ کے بعد اسرائیل کے جنوبی علاقوں میں رہنے والے شہری ایک بار پھر حفاظتی پناہ گاہوں کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔

پاسداران انقلاب کا اسرائیل پر حملوں میں 200 سے زائد ہلاکتوں کا دعویٰ

ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز نے کہا ہے کہ میزائل حملوں میں اسرائیل کے مختلف شہروں میں فوجی تنصیبات اور سکیورٹی مراکز کو نشانہ بنایا، جن میں ایلات، دیمونا، بیرشیبا، کریات شامل ہیں۔

پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ حملے صرف اسرائیل تک محدود نہیں رہے بلکہ کویت میں علی السلیم ایئر بیس، یو اے ای میں دو اڈوں کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے، تاہم اسرائیل نے اتنی ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی۔

ایران کے جوابی حملوں سے اسرائیلی وزیراعظم پریشان

اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو جنوبی اسرائیلی شہر دیمونا اور عراد میں ایران کے جوابی حملوں سے شدید پریشان ہوگئے ہیں،  سوشل میڈیا بیان میں اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ یہ اسرائیل کے لیے ایک انتہائی مشکل شام ہے۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ انتہائی مشکل شام کے باوجود ہم دشمنوں پر حملے جاری رکھیں گے، یہ ہمارے مستقبل کی جنگ ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *