کراچی سپر ہائی وے پر خوفناک تصادم، جاں بحق 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا

کراچی سپر ہائی وے پر خوفناک تصادم، جاں بحق 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا

کراچی ، موٹر وے ایم 9 پر آئل ٹینکر، مسافر بس اور متعدد گاڑیوں کے درمیان ہونے والے خوفناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی، 12 افراد کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں تین خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، افسوسناک حادثہ تیز رفتاری اور گاڑیوں کے بے قابو ہونے کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر اور بس کے علاوہ دیگر گاڑیاں بھی آپس میں ٹکرا گئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور دونوں اطراف گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں جبکہ کرینوں کی مدد سے تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : زمبابوے کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سکندر رضا سے متعلق بڑی خبر آگئی

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر جائے حادثہ پہنچنے اور امدادی سرگرمیوں میں ریسکیو اداروں سے مکمل تعاون کی ہدایت کی ہے۔

 ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی نے جائے حادثہ اور اطراف کے علاقے کو فوری طور پر محفوظ بنانے، ٹریفک کی روانی بحال کرنے اور واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کرنے کا حکم دیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق تصادم کے باعث آئل ٹینکر کو بھی نقصان پہنچا تاہم کسی بڑے آتشزدگی کے واقعے کی اطلاع نہیں ملی،  حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے اور اگر غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *