لیاقت علی ملک پنجاب میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ 2 کے عہدے پر تعینات تھے،اس سے قبل ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ لاہور، ڈی جی اینٹی کرپشن گلگت بلتستان بھی رہ چکے ہیں
وفاقی حکومت نے پاکستان پولیس سروس کے کیپٹن (ریٹائرڈ) ملک لیاقت علی کو آزاد کشمیر پولیس کا نیا انسپکٹر جنرل (آئی جی) مقرر کر دیا ہے۔ کیپٹن لیاقت علی ملک اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات مندانہ فیصلوں اور موثر قیادت کی بدولت مجرموں کے لیے ایک دہشت کی علامت بن چکے ہیں، اور ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ستارۂ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
کیپٹن لیاقت علی ملک نے بطور ڈی آئی جی سٹی کراچی ذمہ داریاں سنبھالنے کے دوران شہر میں بڑھتے ہوئے ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم کے خلاف سخت اقدامات کیے۔
ان کی قیادت میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹاسک فورس نے 24 گھنٹے کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے نیٹ ورک کو توڑا اور متعدد خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کی یہ کارروائیاں بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے لیے ایک انتباہ بن گئیں، جس کے نتیجے میں شہر میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی اور شہریوں میں اعتماد بحال ہوا۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی منشیات، اسلحہ اور دیگر غیر قانونی اشیاء برآمد کیں جبکہ ہزاروں ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور متعدد مقدمات درج کیے گئے۔ ان اقدامات سے جرائم پیشہ گروہوں کی سرگرمیوں میں واضح کمی آئی اور پولیس کی مجموعی کارکردگی میں بہتری دیکھنے میں آئی۔
کیپٹن لیاقت علی ملک نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا، شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کی اور پولیس فورس کو زیادہ فعال اور پیشہ ور بنایا۔ ان کی قیادت میں شہر کی سکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا گیا۔ ان کی خدمات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے بھی سراہا ہے۔
اب کیپٹن لیاقت علی ملک کی تقرری آزاد کشمیر پولیس میں بھی اسی پیشہ ورانہ اور منظم قیادت کی امید جگاتی ہے، جس کے تحت وہاں بھی جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی بحالی کے اقدامات متوقع ہیں۔