پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں منگل کے روز نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے مطابق ہے۔ مقامی صرافہ بازار میں فی تولہ سونا 3 ہزار 400 روپے اضافے کے بعد 5 لاکھ 39 ہزار 962 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 915 روپے اضافے کے بعد 4 لاکھ 62 ہزار 930 روپے ہو گئی۔ یہ نرخ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کیے گئے۔
گزشتہ روز بھی سونے کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا اور فی تولہ نرخ 3 ہزار روپے بڑھ کر قیمت 5 لاکھ 36 ہزار 562 روپے تک پہنچ گئی تھی ، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مارکیٹ میں مسلسل تیزی کا رجحان برقرار ہے۔
عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمت میں 34 ڈالر فی اونس اضافہ ہوا، جس کے بعد نرخ 5 ہزار 172 ڈالر فی اونس تک جا پہنچے، جبکہ اس میں 20 ڈالر پریمیم بھی شامل ہے۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور فی تولہ چاندی 192 روپے بڑھ کر 9 ہزار 286 روپے ہو گئی۔
ماہرین کے مطابق عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی محفوظ سرمایہ کاری کی جانب بڑھتی دلچسپی کے باعث سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری ہے، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔