پاکستان سعودی تعلقات نئی بلندیوں پر، بڑا اسٹریٹجک منصوبہ طے پانے والا ہے، نواف بن سعید المالکی

پاکستان سعودی تعلقات نئی بلندیوں پر، بڑا اسٹریٹجک منصوبہ طے پانے والا ہے، نواف بن سعید المالکی

پاکستان اور سعودی عرب کے اقتصادی و دفاعی تعلقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور دونوں برادر ممالک باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے سرگرم ہو گئے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی معاونت سے دوطرفہ تعاون کو مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے حالیہ گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مسلسل مضبوط ہو رہے ہیں اور 3 ماہ قبل مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط اس پیش رفت کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اب ایک اور اسٹریٹجک منصوبے کی تیاری کے قریب ہیں جو نہ صرف دوطرفہ معیشت بلکہ خطے کے استحکام کے لیے بھی اہم ثابت ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں تیار سافٹ ڈرنک میں ایسی کیا خاص بات؟ کہ دُنیا میں دھوم مچا دی

ذرائع کے مطابق دفاعی تعاون کے بعد اقتصادی میدان میں بھی شراکت داری کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب نے اقتصادی تعاون کے جامع فریم ورک کے آغاز پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔ اس فریم ورک میں توانائی، صنعت، کان کنی، معلوماتی ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور خوراک کی سلامتی جیسے اہم شعبے شامل ہیں۔

دونوں ممالک پہلے ہی بجلی کے بین الاقوامی رابطے کے منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر چکے ہیں، جس سے توانائی کے شعبے میں علاقائی تعاون کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے منصوبے نہ صرف توانائی کی ضروریات پوری کریں گے بلکہ صنعتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ کریں گے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب گزشتہ چند برسوں میں 34 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر چکے ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 2.8 ارب ڈالر بنتی ہے۔ ان معاہدوں میں تیل و گیس، معدنی وسائل، انفراسٹرکچر اور زرعی ترقی کے منصوبے شامل ہیں۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے، بیوروکریٹک رکاوٹیں کم کرنے اور فیصلوں کی رفتار تیز کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سعودی سرمایہ کاری میں دلچسپی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

مزید پڑھیں:سعودی عرب میں یوم تاسیس کا رنگا رنگ آغاز، شہر جگمگا اٹھے

دفاعی ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پہلے ہی مضبوط بنیادوں پر استوار ہے اور حالیہ معاہدے اس تعلق کو مزید مستحکم کریں گے۔ مشترکہ تربیتی پروگرامز، دفاعی پیداوار اور سیکیورٹی تعاون کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر مجوزہ اسٹریٹجک منصوبے حتمی شکل اختیار کر لیتے ہیں تو پاکستان کی معیشت کو نئی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی جیسے نمایاں فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب کو بھی علاقائی منڈیوں تک رسائی میں سہولت ملے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *