ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے اور بینکوں کے بلند مارک اپ ریٹس کی بدولت عام شہری کے لیے نئی بائیک خریدنا آسان نہیں ہے۔
ایسے معاشی حالات میں جہاں سفری اخراجات مسلسل بڑھ رہے ہیں، موٹرسائیکل اب تعیش نہیں بلکہ روزمرہ ضرورت بن چکی ہے، اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاک سوزوکی موٹر کمپنی نے اپنی مقبول موٹرسائیکل Suzuki GD 110S پر زیرو فیصد مارک اپ آفر متعارف کرا دی ہے، جسے صارفین کے لیے ایک بڑی سہولت قرار دیا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق اس خصوصی اسکیم کے تحت خریدار بائیک اقساط پر حاصل کر سکتے ہیں اور انہیں کسی بھی قسم کا اضافی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا ، اس پیشکش کا بنیادی مقصد ان صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے جو ایک ساتھ مکمل رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے لیکن روایتی بینک فنانسنگ کے بھاری سود سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔
اس موٹرسائیکل کی موجودہ قیمت 3 لاکھ 69 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے ، زیرو مارک اپ اسکیم کے تحت بائیک کی قیمت میں کوئی اضافی چارج شامل نہیں کیا جائے گا، یعنی صارف وہی رقم ادا کرے گا جو نقد خریداری کی صورت میں مقرر ہے۔
خریداروں کو 25 فیصد ڈاؤن پیمنٹ ادا کرنا ہوگی جو تقریباً 92 ہزار 475 روپے بنتی ہے، جبکہ باقی رقم 24 ماہ یعنی دو سال کی آسان ماہانہ اقساط میں جمع کرائی جا سکے گی، کمپنی کے مطابق ماہانہ قسط کی حتمی رقم منتخب پلان کے مطابق مختلف ہو سکتی ہے۔
پاکستان میں سرکاری و نجی ملازمین، طلبہ اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد کم خرچ سفری سہولت کے لیے موٹرسائیکل کو ترجیح دیتی ہے، پیٹرول کی قیمتوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مسائل کے باعث بائیک کی مانگ میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، ایسے میں بغیر سود اقساط کی سہولت متوسط طبقے کے لیے اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق زیرو مارک اپ آفرز صارفین کو فوری مالی دباؤ سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، تاہم خریداروں کو مکمل شرائط و ضوابط کا بغور جائزہ لینا چاہیے۔
کمپنی نے دلچسپی رکھنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ قریبی مجاز ڈیلرشپ سے رابطہ کر کے تفصیلات حاصل کریں، موجودہ معاشی حالات میں یہ اسکیم ان افراد کے لیے ایک مؤثر اور قابلِ غور آپشن بن سکتی ہے جو آسان اقساط پر نئی موٹرسائیکل خریدنا چاہتے ہیں۔