مریم نواز کا رمضان میں شہریوں کو دوکانداروں کا معاشی بائیکاٹ کرنے کا مشورہ،وجہ بھی بتا دی

مریم نواز کا رمضان میں شہریوں کو دوکانداروں کا معاشی بائیکاٹ کرنے کا مشورہ،وجہ بھی بتا دی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گراں فروشی کے خلاف سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ جہاں ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہو وہاں سے خریداری نہ کی جائے اور ناجائز منافع خوروں کا معاشی بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کسی صورت عوام کا استحصال برداشت نہیں کرے گی اور قیمتوں میں استحکام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کو رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتوں کی نگرانی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اوپن مارکیٹ میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے میں دستیاب ہے۔ صوبے بھر میں فلور ملز کے 1549 سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں 10 کلو آٹے کا تھیلا 850 روپے کے رعایتی نرخ پر فروخت کیا جا رہا ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 421 نگہبان رمضان دستر خوان قائم کیے گئے جہاں اب تک 4 لاکھ 62 ہزار روزہ داروں کو افطاری فراہم کی جا چکی ہے۔ دسترخوانوں پر چکن پلاؤ، سموسے، پکوڑے، فروٹ، پانی اور کھجوروں سے روزہ داروں کی تواضع کی جا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس اقدام کو مستحق افراد کے لیے بڑی سہولت قرار دیتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی پالک، ٹنڈے اور کھیرے خریدے والے شہری سے دلچسپ گفتگو ،ویڈیو وائرل ہوگئی

مزید بتایا گیا کہ سحر و افطار کے اوقات میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں متحرک رہیں اور صوبہ بھر میں 9440 مقامات پر چیکنگ کی گئی۔ کارروائیوں کے دوران 29 ہزار کلو غیر معیاری اور مضر صحت خوراک تلف کی گئی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اسی طرح پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پیرا اور دیگر متعلقہ اداروں نے بھی صوبہ بھر میں بھرپور کارروائیاں کیں۔ تین لاکھ 38 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے۔ ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر 1965 دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی جبکہ اوورچارجنگ پر 24 ہزار 600 افراد کو مجموعی طور پر تقریباً پونے چار کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ 313 مقدمات درج کیے گئے اور 2870 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے نرخوں میں کمی اور موثر نگرانی پر متعلقہ وزراء، انتظامیہ اور ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ہدایت کی کہ عوامی ریلیف کے اقدامات میں مزید تیزی لائی جائے اور گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو حقیقی سہولت فراہم کی جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *