حکومتِ برطانیہ نے پاکستانی شہریوں کے لیے نیا ای ویزا نظام متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت اب پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر نہیں لگایا جائے گا بلکہ ویزا کی تصدیق برقی ذرائع سے کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد ویزا کے حصول کے عمل کو زیادہ محفوظ، تیز رفتار اور سہل بنانا ہے۔
پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس حوالے سے بتایا کہ نئے نظام کے تحت پاکستانی شہری برطانیہ کے ویزا کے لیے اپنی درخواست آن لائن جمع کرائیں گے اور بائیومیٹرک تصدیق کے لیے ویزا درخواست مرکز کا رخ کریں گے۔
تاہم انہیں اپنے پاسپورٹ واپس لینے کے لیے دوبارہ مرکز جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کامیاب درخواست گزاروں کو ویزا کا باقاعدہ ڈیجیٹل ریکارڈ فراہم کیا جائے گا جو ان کے یو کے ویزاز اینڈ امیگریشن اکاؤنٹ کے ذریعے دستیاب ہوگا۔
ہائی کمشنر کے مطابق اس نظام کے تحت درخواست دہندگان کو اپنی ویزا حیثیت ثابت کرنے کے لیے ایک ’’شیئر کوڈ‘‘ بھی دیا جائے گا، جسے وہ سرحدی جانچ مقامات یا دیگر متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کر سکیں گے۔
اس طریقہ کار سے دستاویزات کے ضائع ہونے یا خراب ہونے کے امکانات کم ہوں گے اور امیگریشن ریکارڈ مزید محفوظ اور قابلِ رسائی بنے گاجین میریٹ نے اس تبدیلی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پاکستانیوں کے لیے برطانیہ کا سفر پہلے سے زیادہ آسان ہو جائے گا۔
ان کے مطابق نئے نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ درخواست کا عمل بھی سادہ اور محفوظ بنایا گیا ہےواضح رہے کہ یہی نظام گزشتہ سال طالب علموں اور ملازمت کے ویزا کے درخواست گزاروں کے لیے کامیابی سے متعارف کرایا گیا تھا۔
برطانوی حکام نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار کسی بھی غیر مجاز ایجنٹ کی خدمات حاصل کرنے کے بجائے براہِ راست سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرائیں۔ اس نئے برقی ویزا نظام کے نفاذ سے برطانیہ کا سفر کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کو ویزا کے حصول میں نمایاں سہولت اور تیزی میسر آئے گی۔