اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے اور ملک بھر میں امریکی قونصل خانوں کی معمول کی سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں، فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے آگاہ کیا گیا ہے کہ آج (دو مارچ) کے لیے شیڈول تمام ویزا انٹرویوز منسوخ کر دیے گئے ہیں۔
سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’امریکن سٹیزن سروسز اور سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں امریکی ویزا کے حصول کے لیے تمام انٹرویوز کو آج کے دن کے لیے منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے ساتھ ساتھ کراچی، لاہور اور پشاور میں بھی امریکی قونصل خانوں میں ویزا اپائنٹمنٹس اور امریکی شہریوں کی خدمات، جیسے پاسپورٹ سے متعلق امور، عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان امریکی سفارت خانے کے مطابق ویزا اور سٹیزن سروسز کے لیے تمام اپائنٹمنٹس 2 مارچ 2026 کے لیے معطل ہیں۔ نئے شیڈول کے بارے میں بعد میں اطلاع دی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام سفارتی عملے اور سروسز لینے والے افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم ہنگامی نوعیت کے معاملات میں محدود سروسز فراہم کی جا سکتی ہیں۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے خدشات موجود ہیں۔