پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر سخت وارننگ جاری کرتے ہوئے نئے ضوابط متعارف کرا دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اب کوئی بھی کرکٹر میڈیا ڈپارٹمنٹ کی پیشگی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا پر کسی بھی قسم کا مواد شیئر نہیں کر سکے گا۔
بورڈ نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کنٹریکٹ میں درج تمام قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں، بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان نئی گائیڈ لائنز سے کھلاڑیوں کے مینیجرز کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا خلاف ورزی سے بچا جا سکے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ کھلاڑیوں کی جانب سے سیاسی نوعیت کی پوسٹس یا کسی بھی قسم کے متنازع بیانات کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی پر کم از کم ایک کروڑ روپے تک کا بھاری جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے، جبکہ سنگین صورتحال میں مزید سخت قانونی یا پیشہ ورانہ کارروائی بھی ممکن ہے۔