مفت پیٹرول حاصل کرنے لیے یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، عوامی ریلیف کے لیے بڑا اعلان

مفت پیٹرول حاصل کرنے لیے یہ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، عوامی ریلیف کے لیے بڑا اعلان

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے کم آمدنی والے طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے ایک تاریخی ریلیف اسکیم ’احساس فیول سپورٹ پروگرام‘ شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

حکومت کے مطابق یہ پروگرام عمران خان کے فلاحی ریاست کے وژن کی روشنی میں وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایت پر ڈیزائن کیا گیا ہے، جس کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کو ماہانہ 2000 روپے کی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو مزید ریلیف دینے کی خوشخبری سنا دی

اس پروگرام کے تحت اہلیت کے لیے سخت شرائط وضع کی گئی ہیں تاکہ ریلیف صرف حقداروں تک پہنچے۔ حکام کے مطابق صرف وہی افراد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے جن کے نام پر موٹر سائیکل یا اسکوٹر رجسٹرڈ ہوگا اور ٹرانسفر کی صورت میں منتقلی کا عمل مکمل ہو چکا ہوگا۔

غیر رجسٹرڈ یا کسی دوسرے کے نام پر گاڑی چلانے والے افراد اس مالی معاونت کے اہل نہیں ہوں گے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے رجسٹریشن کا پورا عمل ڈیجیٹل رکھا گیا ہے، جس کے لیے ’دستک ایپ‘ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

شہریوں کو رجسٹریشن کے لیے پلے اسٹور یا ایپ اسٹور سے دستک ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس میں گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، چیسز نمبر اور ضلع کا انتخاب کرنا ہوگا۔

درخواست گزار کو اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور پتے کے ساتھ شناختی کارڈ کی تصاویر، رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ اور گاڑی کی واضح تصویر اپ لوڈ کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں:کیا عوام کو ایک اور بڑا ریلیف ملے گا؟ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان

حکومت نے واضح کیا ہے کہ تمام درخواستوں کی تصدیق ‘ای سہولت’ کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفس  تمام دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد حتمی منظوری دے گا۔ غلط معلومات یا نامکمل ٹرانسفر کی صورت میں درخواست فوری طور پر مسترد کر دی جائے گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کا یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور ملک میں جاری معاشی بحران کی وجہ سے پیٹرول کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

صوبائی سطح پر فیول کے لیے مخصوص یہ اپنی نوعیت کا پہلا بڑا پروگرام ہے۔ اس اسکیم سے صوبے کے لاکھوں دیہاڑی دار اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو سفری اخراجات میں بڑی مدد ملے گی۔

رجسٹریشن کا عمل 6 اپریل سے شروع ہو رہا ہے، اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 9212260-091 اور 9211693-091 بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *