پاکستانی عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ایک مرتبہ پھر ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت 16 جنوری سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر غور کر رہی ہے، جو عوام کے لیے مسلسل چوتھی بار خوشخبری ہو سکتی ہے۔
نئے سال کے آغاز پر دیے گئے ریلیف کے بعد اگر یہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو صارفین کو مزید سہولت ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے، ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 1 روپے 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل 2 روپے 8 پیسے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد پیٹرولیم ڈویژن نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کرے گا، جو آئندہ 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔
واضح رہے کہ یکم جنوری 2026 کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 28 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 57 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
حکام کے مطابق قیمتوں میں ممکنہ کمی کی بنیادی وجہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، کسٹمز ڈیوٹی میں نرمی اور کرنسی ریٹ میں تبدیلیاں ہیں، عالمی مارکیٹ میں 11 جنوری کو پیٹرول کی قیمت 2.74 ڈالر فی بیرل کمی کے بعد 66.54 ڈالر فی بیرل تک آ گئی تھی۔