اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات نے عالمی توجہ حاصل کر لی ہے، اور یہی موضوع اسلام آباد ٹاکس سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے۔ دنیا بھر کے صارفین اس پیشرفت پر بھرپور تبصرے کر رہے ہیں، جبکہ ہیش ٹیگز کے ذریعے اس موضوع کو عالمی سطح پر زیر بحث لایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں جاری ان مذاکرات کو خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور کشیدگی میں کمی کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نہ صرف ان مذاکرات کی اپ ڈیٹس شیئر کر رہے ہیں بلکہ مختلف زاویوں سے تجزیے بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اس نوعیت کی سرگرمی اس بات کی عکاس ہے کہ عالمی برادری اس پیشرفت کو کس قدر سنجیدگی سے لے رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بننے والے موضوعات میں ہیش ٹیگ اسلام آباد ٹالکس ، امن کا سفیر پاکستان ، ہیش ٹیگ پاکستان ،ہیش ٹیک جے ڈی وینس ، ہیش ٹیگ اسلام آباد ،اسحاق ڈار نمایاں ہیں۔ کئی صارفین نے مذاکرات کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے خطے میں دیرپا استحکام آئے گا، جبکہ کچھ حلقوں کی جانب سے محتاط ردعمل بھی سامنے آ رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر کسی بھی عالمی معاملے کا ٹاپ ٹرینڈ بن جانا اس کی اہمیت اور عوامی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔ اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات نہ صرف سفارتی سطح پر اہم ہیں بلکہ عوامی سطح پر بھی ان کا گہرا اثر دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کی واضح مثال ایکس پر ان کا ٹاپ ٹرینڈ بننا ہے۔