کولمبو میں امریکہ کے خلاف اہم میچ میں فتح کے بعد پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے میں نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
اس کامیابی کے نتیجے میں نہ صرف پاکستان کے پوائنٹس میں اضافہ ہوا بلکہ ٹیم کے نیٹ رن ریٹ میں بھی واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے، جس سے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال پاکستانی شائقین کے لیے خاصی حوصلہ افزا ہو گئی ہے۔
تازہ ترین پوائنٹس ٹیبل کے مطابق پاکستان نے اب تک دو میچز کھیل کر چار پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں اور گروپ اے میں پہلی پوزیشن پر موجود ہے۔
امریکہ کے خلاف فتح کے بعد پاکستان کا نیٹ رن ریٹ بڑھ کر 0.923 ہو گیا ہے، جو ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے، اس میچ سے قبل پاکستان کی پوزیشن اور رن ریٹ دونوں دباؤ میں تھے تاہم کامیابی نے ٹیم کو ایک مضبوط مقام دلوا دیا ہے۔
اس مثبت پیش رفت کے باوجود پاکستان کا نیٹ رن ریٹ اب بھی روایتی حریف بھارت سے کم ہے، بھارت نے اپنے میچ میں امریکہ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی اننگز کو نسبتاً کم اسکور پر سمیٹ لیا تھا، جس کے باعث بھارت کا نیٹ رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہو گیا۔
یہی وجہ ہے کہ اگرچہ پوائنٹس کے لحاظ سے پاکستان اس وقت گروپ میں سرفہرست ہے، مگر نیٹ رن ریٹ کی دوڑ میں ابھی اسے بھارت پر سبقت حاصل نہیں ہو سکی،پاکستانی ٹیم کے لیے امریکہ کے خلاف میچ میں مجموعی کارکردگی حوصلہ افزا رہی، تاہم ایک موقع پر شاہین شاہ آفریدی کا ایک مہنگا اوور ٹیم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا۔
اس اوور کے دوران دیے گئے اضافی رنز نے پاکستان کے نیٹ رن ریٹ کو مزید بہتر بنانے کی راہ میں رکاوٹ ڈالی، جس کے باعث پاکستان بھارت کو نیٹ رن ریٹ میں پیچھے چھوڑنے کا موقع گنوا بیٹھا۔
آنے والے میچز میں پاکستان کے لیے نہ صرف فتوحات اہم ہوں گی بلکہ بڑے مارجن سے جیت بھی ضروری ہو گی تاکہ نیٹ رن ریٹ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔