آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقا نے افغانستان کو دوسرے سپر اوور میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی۔
بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پروٹیز نے 9.35 کی اوسط رفتار سے مضبوط مجموعی اسکور کا پہاڑ کھڑا کر دیا، آخری 5 اوورز میں جنوبی افریقہ نے 52 رنز بنائے اگرچہ اس دوران 3 وکٹیں بھی گنوائیں۔
ریان ریکیلٹن اور کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کے لیے مضبوط بنیاد رکھی، ریکیلٹن نے صرف 28 گیندوں پر 61 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے، ان کا اسٹرائیک ریٹ 217.85 رہا۔ ڈی کوک نے 41 گیندوں پر 59 رنز بنائے، 5 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔
جنوبی افریقہ کو ابتدائی دھچکا اس وقت لگا جب کپتان ایڈن مارکرم صرف 5 رنز بنا کر فضل حق فاروقی کی گیند پر محمد نبی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دونوں بلے بازوں نے اسکور کو 120 سے آگے پہنچایا، تاہم 13ویں اوور میں راشد خان نے ڈی کوک اور ریکیلٹن کو آؤٹ کر کے افغانستان کو میچ میں واپسی دلائی۔
ڈیووالڈ بریوس نے 19 گیندوں پر 23 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ملر 15 گیندوں پر 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ، عظمت اللہ عمرزئی نے آخری اوورز میں 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں بریوس، ٹرسٹن اسٹبس اور مارکو یانسن جنہوں نے 7 گیندوں پر 16 رنز بنائے شامل تھے، جس سے جنوبی افریقہ 190 کے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔
جنوبی افریقہ نے آخری گیند پر اپنی چھٹی وکٹ گنوائی اور اننگز6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 187 رنز پر ختم ہوئی۔
راشد خان سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 28 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 41 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فضل حق فاروقی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مجیب الرحمان، محمد نبی اور نور احمد وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
پہلے سپر اوور میں افغانستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 17 رنز بنائے جو کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے آخری گیند پر چھکا لگا کر میچ پھر ٹائی کر دیا۔
دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز سکور کئے، 24 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میچ پروٹیز نے جیت لیا۔