محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال سے آگاہ کر دیا ہے۔پیش گوئی کے مطابق بلوچستان میں ایک نیا موسمی سسٹم داخل ہونے والا ہے ۔
کوئٹہ، پشین، چمن، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور ژوب میں ہلکی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ ساحلی اور جنوبی اضلاع جیسے گوادر، کیچ، پنجگور، خضدار، قلات اور خاران میں بارش کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے، جس سے عوام کو سفر اور روزمرہ کے معمولات میں مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
بلوچستان کے پہاڑی علاقوں چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں کل رات ہلکی برفباری کی بھی پیش گوئی ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے،محکمہ موسمیات نے شہریوں اور زراعت سے وابستہ افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
اسی دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سرگودھا اور میانوالی میں 9 اور 10 فروری کو بارش متوقع ہے۔
بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان، خوشاب، جھنگ، نورپور تھل، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بارش کا امکان ہے، جبکہ حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور نارووال میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔