آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

آئندہ 24 گھنٹے موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے موسم سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ محکمہ کے مطابق اتوار کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے  جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان موجود ہے،یہ سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہ سکتا ہے  خاص طور پر پہاڑی اور شمالی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے۔

پچھلے روز یعنی ہفتے کو بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں جزوی طور پر ابر آلود موسم رہا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں :آئندہ 5دن موسم کیسا رہے گا؟محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

کم سے کم درجہ حرارت کے حوالے سے ریکارڈ کیا گیا کہ لہہ میں منفی 9، گوپس میں منفی 7، استور اور کالام میں منفی 6، مالم جبہ اور اسکردو میں منفی 4، زیارت میں منفی 3، جبکہ پاراچنار، ہنزہ اور قلات میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5، کوئٹہ 2، قلات منفی 2، مری 0، لاہور 7، کراچی 12، پشاور 6 اور مظفرآباد میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی کی شدت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر افراد اور سردی سے متاثرہ علاقوں کے شہری اپنے آپ کو محفوظ رکھنے کا خاص خیال رکھیں۔

editor

Related Articles