پاکستان میں توانائی کے موجودہ بحران کے دوران ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے، جہاں کوہاٹ کے نشپا بلاک میں براگزئی ایکس ون کنویں سے تیل و گیس کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس کنویں سے یومیہ تقریباً 15 ہزار 5 بیرل تیل اور 45.36 ملین مکعب فٹ گیس حاصل ہو رہی ہے، جو ملکی توانائی ضروریات کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق 2028 تک اس کنویں سے تیل کی یومیہ پیداوار کو بڑھا کر 25 ہزار بیرل اور گیس کی پیداوار کو 60 ملین مکعب فٹ تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ایل پی جی کی پیداوار بھی بڑھا کر یومیہ 200 میٹرک ٹن تک کرنے کا منصوبہ ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس دریافت کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف توانائی بحران میں کمی آئے گی بلکہ ملک کی توانائی سیکیورٹی بھی مضبوط ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دریافت سے پاکستان کو سالانہ تقریباً 329 ملین ڈالر کا معاشی فائدہ حاصل ہوگا، جبکہ درآمدی ایندھن پر انحصار میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔