سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی اہم ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، ملاقات میں ایرانی ڈرون اور میزائل حملوں سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں شخصیات نے حملوں کو روکنے کے لیے اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور زور دیا کہ بلاوجہ جارحیت خطے کی سیکیورٹی اور استحکام کے لیے خطرہ ہے، بلاوجہ حملے امن کیلئے مذاکرات کے امکانات کو محدود کرتے ہیں اور بحران کو بڑھاتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں فریقین نے امید ظاہر کی کہ ایران سمجھداری اور دانشمندی کا مظاہرہ کرےگا، ایران کی محتاط حکمت عملی سے دوست ممالک کو بحران کے پرامن حل کی کوششوں میں مدد ملے گی ۔
علاوہ ازیں ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور دوستی کے فروغ کے لیے تعاون مضبوط کرنے پر بھی اتفاق ہوا، دونوں ملکوں نے باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں چیف آف جنرل اسٹاف فیاض الرویلی اور وزیر دفاع کے مشیر برائے انٹیلی جنس امور ہشام بن سیف نے بھی شرکت کی، جبکہ پاکستانی وفد میں بریگیڈیئر محمد جاوید طارق بھی شامل تھے۔