وزیر اعظم کی زیر صدارت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ودیگر اعلیٰ عسکری وسول حکام کی شرکت

وزیر اعظم کی زیر صدارت خطے کی سکیورٹی صورتحال پر اعلیٰ سطح اجلاس،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ودیگر اعلیٰ عسکری وسول حکام کی شرکت

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں علاقائی اور ملکی سکیورٹی صورتحال پر ایک اہم اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں خطے میں جاری کشیدگی، افغانستان اور ایران سے متعلق صورتحال اور پاکستان کے امن و استحکام کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان کے خطے میں امن کے فروغ کے لیے کردار اور مختلف ممکنہ سفارتی و سکیورٹی اقدامات پر غور کیا گیا۔ شرکاء کو افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں سرحدی علاقوں میں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ حکام نے اجلاس کو ملک کی اندرونی سکیورٹی صورتحال، حساس تنصیبات کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے انتظامات سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم کی ہدایت پر ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دفترِ خارجہ کے ذریعے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت پاکستان اور عوام غم کی اس گھڑی میں ایرانی بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں،شہباز شریف

  پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے آذربائیجان کے راستے متبادل سفری انتظامات کو بھی زیر غور لایا جا رہا ہے تاکہ مشکل حالات میں پھنسے افراد کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل سید  عاصم منیر، احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک اور طارق فاطمی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

سکیورٹی حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی کے تحفظ اور سرحدی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے لیکن اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

حکام کے مطابق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کی حفاظت اور ملک کے مفادات کو ہر صورت محفوظ بنایا جا سکے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *