وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں نگہبان رمضان پروگرام اور مریم نواز راشن کارڈ اسکیم کے تحت محنت کش طبقے میں مالی امداد کی فراہمی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ ماہِ رمضان کے لیے ہر مستحق ورکر کو 10 ہزار روپے دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے اور پہلے ہی روز 2 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صنعتی اور دیہاڑی دار طبقے کو مہنگائی کے دباؤ سے نکالنا اور رمضان کے دوران ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ امدادی رقوم کی تقسیم شفاف بنانے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کا نظام فعال کیا گیا ہے تاکہ رقم براہِ راست مستحق افراد تک پہنچ سکے۔
کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے لاہور سٹی اور شاہدرہ ڈائریکٹوریٹس کے ہنگامی دورے کیے، جہاں انہوں نے بائیو میٹرک نظام کی نگرانی اور ورکرز کی تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا۔ انہوں نے صنعتی علاقوں میں قائم مختلف یونٹس کا بھی معائنہ کیا اور موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ امدادی رقوم کی تقسیم میں کسی قسم کی تاخیر یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر سوشل سکیورٹی حکام نے نگہبان رمضان پروگرام اور راشن کارڈ کی تقسیم کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب محنت کش طبقے کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ امداد مستحقین تک شفاف اور بروقت پہنچے۔
حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی صوبے کے مختلف اضلاع میں امدادی رقوم اور راشن کارڈز کی تقسیم کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔