عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی سے متعلق سعودی عرب کا اہم اعلان

عمرہ ویزوں اور زائرین کی روانگی سے متعلق سعودی عرب کا اہم اعلان

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے عمرہ ویزوں کے اجرا اور زائرین کی روانگی سے متعلق آخری تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

وزارت کے مطابق عمرہ ویزے جاری کرنے کا آخری دن یکم شوال ہوگا، جبکہ زائرین کے لیے ضروری قرار دیا گیا ہے کہ وہ 15 شوال سے پہلے سعودی عرب میں داخل ہو جائیں ، اسی طرح عمرہ ادا کرنے والے تمام زائرین کو یکم ذوالقعدہ تک مملکت چھوڑنا ہوگا۔

یہ اعلان سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کمپنیوں کے ساتھ منعقدہ 17ویں مسلسل ورچوئل اجلاس کے دوران کیا گیا،  اجلاس میں حکام نے عمرہ اور حج سیزن کے حوالے سے طے شدہ ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔

اجلاس کے دوران وزارت نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حج کی ادائیگی صرف باقاعدہ حج ویزہ کے ذریعے ہی ممکن ہے اور عمرہ ویزے پر حج ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

دوسری جانب وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ عالمی صورتحال کے باوجود حج 2026 کے انتظامات شیڈول کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : رمضان المبارک میں عمرہ ویزا کیسے حاصل کریں ، اجرا سے روانگی تک تفصیل جانیے

ترجمان کے مطابق عازمینِ حج کے ویزوں کا اجرا تیزی سے جاری ہے جبکہ حج پروازوں کا شیڈول عید الفطر کے بعد جاری کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائش، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ حجاج کرام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ترجمان نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ حج سے متعلق مستند معلومات کے حصول کے لیے ’’پاک حج ایپ‘‘ یا وزارت مذہبی امور کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *