ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے کہ وہ رمضان کی مبارک ساعتیں حرمین شریفین میں گزارے اور اس کے لیے نیت و تیاری کیساتھ عمرہ ویزا حاصل کرنے کا طریقہ کار بھی جاننا ضروری ہے ۔
یوں تو سارا سال عمرہ جاری رہتا ہے تاہم رمضان المبارک میں دنیا بھر سے مسلمان لاکھوں کی تعداد میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے حجاز مقدس کا رخ کرتے ہیں جس کا مقصد روحانی خوشی و سکون حاصل کرنے کیساتھ عبادات کا خشوع اور ان دنیاو آخرت کی کامیابی کا حصول ہوتا ہے ۔
اس ماہ مقدس میں عمرہ ویزا کیسے حاصل کریں؟ اس سلسلے میں سعودی عرب نے عمرہ ویزا حاصل کرنے کے لیے کئی ذرائع فراہم کیے ہیں جن کی تفصیلات ہم یہاں آپ کے ساتھ شیئر کررہے ہیں۔
ان میں وزارت خارجہ کا الیکٹرانک ویزا پلیٹ فارم، منظور شدہ بیرونی ایجنٹس اور “نسک” پلیٹ فارم شامل ہے، جو لائسنس یافتہ سروس فراہم کنندگان کے ذریعے مکمل پیکیجز پیش کرتا ہے۔
تمام مسلمانوں کے لیے منظور شدہ قوانین کے مطابق عمرہ کی ادائیگی اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی اجازت ہے۔
مسجد الحرام جانے سے پہلے “نسک” ایپ کے ذریعے سرکاری اجازت نامہ حاصل کرنا ایک بنیادی شرط ہے ، یہ ایپ عمرہ اور ریاض الجنۃ میں نماز کے لیے وقت کی بکنگ، الیکٹرانک انٹری کوڈ کا اجرا، اوقات کی یاد دہانی کے ساتھ ساتھ رش کے اوقات اور پر ہجوم مقامات کی نشاندہی فراہم کرتی ہے۔
اس میں موجود متعدد زبانوں کی سہولت دنیا بھر کے معتمرین کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے میں مدد دیتی ہے۔
ٹرانزٹ ویزا مخصوص شرائط کے تحت 96 گھنٹوں تک قیام اور عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دیتا ہے، جبکہ عمرہ ویزا رکھنے والے اپنی مدتِ میعاد کے دوران مملکت کے تمام علاقوں میں آزادی سے نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔
شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور مکہ مکرمہ کے درمیان ٹرانسپورٹ کے ذرائع حرمین ایکسپریس ٹرین، بسوں، ٹیکسیوں اور اسمارٹ ٹرانسپورٹ ایپس کے ذریعے ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
اسی طرح مدینہ منورہ کے لیے ٹرین، ہوائی جہاز یا بسوں کے ذریعے سفر کو آسان بنایا گیا ہے، جس سے دونوں مقدس شہروں کے درمیان نقل و حرکت میں روانی پیدا ہوتی ہے۔
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں خدمات کا ایک ایسا نظام موجود ہے جس میں دستی اور الیکٹرک وہیل چیئرز، رہنمائی اور فوری ترجمے کے مراکز، “نسک” کے ذریعے ریاض الجنۃ کی زیارت کی تنظیم، سامان رکھنے کے مراکز، آبِ زمزم کی فراہمی اور ڈیجیٹل گائیڈنس پلیٹ فارمز شامل ہیں جو زائرین کے آرام اور سلامتی کو یقینی بناتے ہیں۔
متعلقہ حکام سکون اور نظم و ضبط کی پابندی، بھگدڑ یا عبادت میں خلل ڈالنے والی فوٹو گرافی سے بچنے اور ممنوعہ اشیا نہ لانے پر زور دیتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی سفر سے پہلے صحت کے حوالے سے تیاری اور واپسی کی ہدایات پر عمل درآمد کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ ایک محفوظ اور آسان تجربہ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ مربوط ڈیجیٹل نظام عمرہ سیزن کے اسمارٹ اور پائیدار انتظام کی جانب سعودی مملکت کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے، جو تکنیکی اور تنظیمی ہم آہنگی پر مبنی ہے تاکہ ماہِ مقدس کے دوران اللہ کے مہمانوں کے لیے سلامتی اور آرام کے اعلیٰ ترین معیار حاصل کیے جا سکیں۔