پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے ٹی ٹوئنٹہ ورلڈ کپ میں بھارت سے ہار کے بعد قومی ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں فوری اور بنیادی تبدیلیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ٹیم کو نئے پرفارمرز کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان محمد یوسف نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کے ہاتھوں شکست پر ایک تازہ بیان میں کہا کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان طویل عرصے سے ٹیم کا حصہ ہیں، تاہم ٹی ٹوئنٹی جیسے تیز رفتار فارمیٹ میں مستقل مزاج اور میچ وننگ پرفارمنس ناگزیر ہوتی ہے جس کا موجودہ سینئر کھلاڑیوں میں فقدان ہے۔
محمد یوسف کا کہنا تھا کہ کمزور حریفوں کے خلاف فتوحات ٹیم کی اصل طاقت ظاہر نہیں کرتیں، بڑی ٹیموں کے خلاف کارکردگی ہی معیار طے کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نوجوان اور فارم میں موجود کھلاڑیوں کو موقع دے کر ٹیم میں نئی توانائی لائی جا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف حالیہ میچ میں پاکستان کو 61 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ٹیم کی حکمت عملی اور کمبی نیشن پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق آنے والے میچز اور سیریز میں سلیکشن پالیسی میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ محمد یوسف نے واضح کیا کہ موجودہ ٹیم کمبی نیشن پر نظر ثانی کی ضرورت ہے اور جو پیئرز بہتر کارکردگی نہیں دکھا اور جن کی کارکردگی میں تسلسل نہیں ہے انہیں ریسٹ دیا جائے اور بہتر پرفارمرز کو آگے لای جائے۔
مزید جانیئے: بھارت سے شکست کے بعد پاکستان ٹیم میں بڑی سرجری کا امکان، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا اہم فیصلہ

