وزیراعظم شہباز شریف کراچی کا دورہ کیا ، دورے کے دوران انہوں نے مختلف سیاسی و سماجی شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم کی کراچی آمد پر مراد علی شاہ اور کامران ٹیسوری نے استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ بھی موجود تھے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزرا عطا تارڑ، احسن اقبال، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھےدورے کے دوران وزیراعظم نے سینیٹر شیریں رحمان کی رہائشگاہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ان کی صاحبزادی کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اولاد کا دکھ بہت بڑا ہوتا ہے،وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی رہائشگاہ کا بھی دورہ کیا اور بیٹی کی شادی پر مبارکباد دی۔
بعد ازاں وزیراعظم سے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے ملاقات کی، جس میں فاروق ستار، وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری بھی شامل تھے، ملاقات میں خطے کی امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آئندہ بجٹ، مجوزہ آئینی ترمیمی بل اور دیگر اہم امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
پی اے ایف بیس پر ہونے والی اس ملاقات میں فریقین کے درمیان آئندہ ہفتے مزید بات چیت پر اتفاق بھی ہوا، وزیراعظم نے گورنر سندھ کو ہدایت کی کہ صوبے میں ایم کیو ایم کو کسی قسم کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔