ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے لاہور کے مختلف ممتاز تعلیمی اداروں کا دورہ کیا جہاں طلباء اور اساتذہ کے ساتھ خصوصی نشستوں کا اہتمام کیا گیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ایچی سن کالج، یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور اور لاہور کالج فار وومین یونیورسٹی میں طلباء سے خطاب کیا اور قومی سلامتی سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔
نشستوں کے دوران قومی سلامتی، نوجوانوں کے کردار، جدید دور میں درپیش متفرق چیلنجز اور ہائبرڈ وار فیئر جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ موجودہ دور میں جنگ صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہی بلکہ فکری، معلوماتی اور معاشی میدانوں میں بھی چیلنجز کا سامنا ہے، جس کیلئے قومی یکجہتی اور شعور ناگزیر ہے۔
تعلیمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ اور طلباء نے افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ جس دن ملک کو ضرورت پیش آئی، تمام اساتذہ اور طلباء دفاع وطن کیلئے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی موجودہ چیلنجز سے متعلق گفتگو کو نوجوانوں کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔
طلبا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس نشست سے انہیں جدید دور کی فکری جنگ کو سمجھنے اور سوشل ذرائع ابلاغ پر پھیلائی جانے والی گمراہ کن معلومات کا مقابلہ کرنے کی آگاہی ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا تعلیمی اداروں سے براہ راست رابطہ نوجوانوں میں اعتماد، شعور اور ذمہ داری کے احساس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
طلبا نے دشمن کے خلاف متحد رہنے اور افواجِ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے ہر سطح پر یکجہتی ضروری ہے۔ اس موقع پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں نوجوانوں نے کھل کر اپنی آرا پیش کیں اور قومی امور پر رہنمائی حاصل کی۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے دورے نوجوان نسل کو ریاستی اداروں کے قریب لانے اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو ایک مضبوط اور باشعور معاشرے کی تشکیل کیلئے ناگزیر ہے۔