پنجاب کے شہر وزیرآباد کے علاقے ڈسکہ روڈ پر المناک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے موٹرسائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں دو حقیقی بھائی جاں بحق جبکہ تیسرا بھائی شدید زخمی ہوگیا، تینوں بھائی راجن پور سے محنت مزدوری کرنے وزیرآباد آئے ہوئے تھے۔
جاں بحق ہونے والے 14 سالہ نوجوان کی شناخت مجید عابد اور 27 سالہ راشد عابد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی ہونے والے نوجوان کا نام عاقب عابد بتایا گیا ہے، زخمی عاقب کو تشویشناک حالت کے پیش نظر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا۔
حادثے کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق نوجوانوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی۔