کوٹ ادو کی تحصیل چوک سرور شہید میں لیہ روڈ مان پمپ کے قریب تیز رفتار ٹرالر اور دو موٹر سائیکلوں کے درمیان خوفناک تصادم میں 5کم سن بچے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق افسوسناک حادثہ تحصیل چوک سرور شہید میں لیہ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب بچے سکول جا رہے تھے کہ تیز رفتار ٹرالر کی زد میں آ گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور تھانہ سٹی سرورشہید پولیس موقع پر پہنچ گئی اور جاں بحق بچوں کی لاشوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا ، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت عبداللہ (عمر 5 سال) اور عبدالرحمن (عمر 7 سال) کے نام سے ہوئی جو آپس میں بھائی تھے، دیگر بچوں میں عبدالباسط (عمر 17 سال) اور دعا فاطمہ جو بہن بھائی تھے، جبکہ محمد عادل (عمر 16 سال) بھی حادثے میں جان سے ہاتھ دھوبیٹھا۔
تمام جاں بحق بچے چک نمبر 560 کے رہائشی بتائے جاتے ہیں، افسوسناک واقعے پر اہلِ علاقہ نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔